مدارسِ عربیہ کے دیرینہ مسئلے کا حل — اعتماد،تعاون اور قومی ہم آہنگی کے نئے دور کا آغاز
تحریر: مولانا طاہر عقیل
صدر وفاق المدارس و الجامعات الدینیہ پاکستان، صوبہ پنجاب
پاکستان کے دینی مدارس ہماری دینی، علمی اور قومی زندگی کا ایک مضبوط اور منظم حصہ ہیں۔ لاکھوں طلبہ و طالبات کو دینی و اخلاقی تعلیم فراہم کرنے والے یہ ادارے نہ صرف قرآن و سنت کی خدمت اور محراب و منبر کی ذمہ داری ادا کر رہے ہیں بلکہ وقت کے تقاضوں کے مطابق جدید اور عصری تعلیم کی طرف بھی تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔
حالیہ برسوں میں یہ خوش آئند حقیقت مزید نمایاں ہوئی ہے کہ مدارس کے طلبہ عصری تعلیمی میدان میں بھی اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کر رہے ہیں۔ مختلف تعلیمی بورڈز کے امتحانات اور دیگر تعلیمی و علمی میدانوں میں مدارس کے طلبہ کی نمایاں کامیابیاں اس تصور کی نفی کرتی ہیں کہ دینی اور جدید تعلیم ایک دوسرے سے متصادم ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ ہماری نئی نسل قرآن و سنت سے وابستگی کے ساتھ جدید علوم میں آگے بڑھے تو پاکستان کو باکردار، باصلاحیت اور متوازن قیادت میسر آ سکتی ہے۔
اسی طرح پاکستان کے مدارس، علماء اور محراب و منبر نے بین المسالک اور بین المذاہب ہم آہنگی، مذہبی رواداری اور قومی یکجہتی کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔ مختلف مکاتبِ فکر کے درمیان رابطے اور مکالمے کے ساتھ پاکستان میں بسنے والی غیر مسلم برادریوں کے آئینی و قانونی حقوق کے تحفظ کا پیغام بھی مسلسل محراب و منبر سے دیا جا رہا ہے اور قومی پیغام امن کمیٹی کے قیام کے بعد ان تمام امور کوعملی طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ انتہا پسندی، دہشت گردی اور فرقہ وارانہ تشدد کے خلاف مدارس اور علماء کا مثبت کردار پاکستان کے امن و استحکام کے لیے انتہائی اہم ہے۔
اس مثبت کردار کے باوجود مدارس کو طویل عرصے سے بعض قانونی اور انتظامی مسائل، بالخصوص رجسٹریشن اور بینک اکاؤنٹس کے معاملے میں مشکلات کا سامنا تھا۔ یہ ایک ایسا حل طلب مسئلہ تھا جسے مزید مؤخر کرنے کے بجائے ریاست اور مدارس کی قیادت کے باہمی اعتماد اور مشاورت سے حل کیا جانا ضروری تھا۔
الحمدللہ، اسلام آباد میں ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ریلیجس ایجوکیشن (DGRE) کے زیرِ اہتمام ہونے والے حالیہ اہم اجلاس نے اس سمت میں بڑی عملی پیش رفت کی ہے۔ اجلاس میں دینی تعلیمی بورڈز اور مدارس کی قیادت کے ساتھ اسٹیٹ بینک، کمرشل بینکوں اور متعلقہ حکومتی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ تفصیلی مشاورت کے نتیجے میں مدارس کے بینک اکاؤنٹس کھولنے میں حائل قانونی، انتظامی اور عملی رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے قابلِ عمل طریقۂ کار پر پیش رفت ہوئی۔
سب سے اہم بات یہ ہے کہ اسلام آباد میں ضروری قانونی و انتظامی تقاضے پورے ہونے کے بعد مدارس کے بینک اکاؤنٹس کھولنے کا عمل شروع ہونے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔ یہ مدارس کے ایک دیرینہ مسئلے کے حل کے ساتھ ریاست اور دینی اداروں کے درمیان اعتماد سازی کی بھی ایک اہم مثال ہے۔
اس مسئلے کو حل تک پہنچانے کے لیے مختلف سطحوں پر مسلسل اور بھرپور کوششیں کی گئیں۔ وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کی ہدایات اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ذاتی دلچسپی اور توجہ نے اس معاملے کو عملی پیش رفت تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ متعلقہ حکومتی اداروں، مدارس کے تعلیمی بورڈز اور دینی قیادت نے بھی تصادم کے بجائے مذاکرات اور مشاورت کا راستہ اختیار کیا، جس کے مثبت نتائج آج سامنے آ رہے ہیں۔
اس پورے عمل میں متحدہ مدارس کونسل اور قومی پیغامِ امن کمیٹی نے بھی مدارس، علماء اور ریاستی اداروں کے درمیان رابطہ کاری، اعتماد سازی اور مسائل کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی کوششوں میں اپنا کردار ادا کیا۔ یہی باہمی تعاون مستقبل کے لیے بھی ایک مثبت راستہ ہے۔
اب ضرورت اس بات کی ہے کہ اسلام آباد میں ہونے والی اس پیش رفت کو صرف وفاقی دارالحکومت تک محدود نہ رکھا جائے۔ امید ہے کہ پنجاب سمیت باقی صوبوں میں بھی ضروری قانون سازی اور انتظامی اقدامات فوری طور پر مکمل کیے جائیں گے، تاکہ مدارس کی رجسٹریشن اور بینک اکاؤنٹس کا مسئلہ پورے ملک میں یکساں اور مستقل بنیادوں پر حل ہو سکے۔
مدارس کو قومی دھارے سے الگ دیکھنے کے بجائے ان کی دینی خدمات، جدید تعلیم میں بڑھتی ہوئی شرکت، بین المسالک و بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ اور انتہا پسندی و دہشت گردی کے خلاف کردار کو سامنے رکھنا چاہیے۔ ریاست اور مدارس کے درمیان اعتماد جتنا مضبوط ہوگا، اتنا ہی پاکستان کا دینی، تعلیمی اور سماجی نظام مضبوط ہوگا۔
مدارس کے بینک اکاؤنٹس اور رجسٹریشن کے دیرینہ مسئلے کے حل کی جانب یہ اہم پیش رفت وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کی ہدایات، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ذاتی دلچسپی، متعلقہ حکومتی اداروں اور مدارس کے تعلیمی بورڈز کی کوششوں اور قومی پیغامِ امن کمیٹی کے باہمی رابطوں اور تعاون کی کامیابی ہے۔ امید ہے کہ اسلام آباد سے شروع ہونے والا یہ مثبت عمل جلد پورے پاکستان تک پہنچے گا اور مدارسِ عربیہ کے دیرینہ مسائل مستقل بنیادوں پر حل ہوں گے۔ یہ پیش رفت ریاست، مدارس، محراب و منبر اور پاکستان کے روشن و مستحکم مستقبل کے لیے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگی، ان شاء اللہ۔