پاکستان میں مذہبی ہم آہنگی کا عزم، دہشت گردی و انتہا پسندی کا خاتمہ اور اقلیتوں کا تحفظ
تحریر: راجیش کمار ہرداسانی
رکن قومی پیغامِ امن کمیٹی پاکستان
پاکستان ایک نظریاتی اور جمہوری ریاست ہے جس کی بنیاد برابری، انصاف اور مذہبی آزادی جیسے سنہری اصولوں پر رکھی گئی۔ یہ وطن مختلف مذاہب، ثقافتوں اور زبانوں کا حسین امتزاج ہے جہاں صدیوں سے ہندو، مسلمان، مسیحی، سکھ، پارسی اور دیگر برادریاں باہمی احترام اور رواداری کے ساتھ رہتی آئی ہیں۔ یہی تنوع دراصل پاکستان کی اصل طاقت اور خوبصورتی ہے۔
آئینِ پاکستان ہر شہری کو مساوی حقوق، مذہبی آزادی اور جان و مال کے تحفظ کی مکمل ضمانت دیتا ہے۔ بانیٔ پاکستان محمد علی جناح نے 11 اگست 1947ء کی تاریخی تقریر میں واضح الفاظ میں فرمایا تھا کہ ریاست کا کسی شہری کے مذہب سے کوئی تعلق نہیں ہوگا اور سب برابر کے پاکستانی ہوں گے۔ یہ فکر آج بھی ہماری قومی پالیسی اور نظریاتی اساس کا اہم ستون ہے۔
اسلام بطور اکثریتی مذہب امن، محبت، برداشت اور عدل کا درس دیتا ہے۔ اسی طرح دیگر مذاہب کی تعلیمات بھی بھائی چارے اور انسانیت کے احترام پر زور دیتی ہیں۔ یہی مشترکہ اقدار ہمیں ایک دوسرے کے قریب لاتی ہیں اور قومی اتحاد کو مضبوط بناتی ہیں۔
دہشت گردی کا خاتمہ اور فکری محاذ
ماضی میں دہشت گردی اور انتہا پسندی نے ملک کو نقصان پہنچایا، مگر سکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عوام کی قربانیوں کے نتیجے میں حالات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ اب ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم صرف عسکری سطح پر نہیں بلکہ فکری اور سماجی سطح پر بھی شدت پسندی کے نظریات کو مسترد کریں۔ تعلیمی ادارے، علما کرام، دانشور، میڈیا اور سول سوسائٹی کو چاہیے کہ وہ برداشت، مکالمے اور مثبت سوچ کو فروغ دیں تاکہ نئی نسل کو انتہا پسندی سے محفوظ رکھا جا سکے۔
قومی پیغامِ امن کمیٹی کا کردار
ایک معروف کہاوت ہے: “دیر آئے، درست آئے۔” اسی تناظر میں قومی پیغامِ امن کمیٹی پاکستان کا قیام ایک خوش آئند اور بروقت اقدام ہے۔ اس پلیٹ فارم پر تمام مذاہب کے نمائندگان کو یکجا کیا گیا ہے تاکہ ملک میں ہم آہنگی، رواداری اور اتحاد کو مضبوط بنایا جا سکے۔ اس قومی کاوش کی قیادت وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف، چیف آف آرمی اسٹاف و فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور مولانا طاہر محمود اشرفی کر رہے ہیں، جو اس عزم کا اظہار ہے کہ ریاست پاکستان تمام شہریوں کے جان و مال اور مذہبی آزادی کے تحفظ کے لیے یکساں طور پر پُرعزم ہے۔
یہ کمیٹی نہ صرف بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دے رہی ہے بلکہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کو بھی یقینی بنا رہی ہے۔ اقلیتوں کی عبادت گاہوں کی سکیورٹی، ان کے تہواروں پر سرکاری سطح پر سہولیات اور قومی اداروں میں نمائندگی اس عزم کا عملی اظہار ہیں۔
رمضان المبارک میں ہندو برادری کی جانب سے افطار کا اہتمام ہو یا ہولی، دیوالی، کرسمس اور ایسٹر پر مشترکہ تقریبات—یہ سب اس حقیقت کا ثبوت ہیں کہ پاکستانی قوم باہمی احترام اور مشترکہ خوشیوں پر یقین رکھتی ہے۔
پرامن اور مستحکم پاکستان کا عزم
ہمیں اس عزم کو مزید مضبوط کرنا ہوگا کہ کوئی بھی انتہاپسند قوت ہمارے اتحاد کو نقصان نہ پہنچا سکے۔ اختلافِ رائے جمہوریت کا حسن ہے، مگر نفرت اور تشدد کی کوئی گنجائش نہیں۔ آج وقت کا تقاضا ہے کہ ہم سب مل کر ایک ایسے پاکستان کی تعمیر کریں جہاں ہر شہری بلا خوف و خطر اپنی عبادات انجام دے سکے اور خود کو محفوظ اور باعزت محسوس کرے۔
اگر ہم آئین کی پاسداری، قانون کی بالادستی اور باہمی احترام کو اپنا شعار بنا لیں تو یقیناً پاکستان ایک مضبوط، مستحکم اور پرامن ریاست کے طور پر دنیا میں اپنا مثبت تشخص مزید اجاگر کرے گا۔
پاکستان زندہ باد 🇵🇰