پاکستان کا مذہبی ہم آہنگی کے لیے عزم: اقلیتوں کا تحفظ سنتِ نبوی ﷺ کے مطابق

ڈاکٹر مفتی محمد کریم خان

صدر اسلامک ریسرچ کونسل پاکستان / ممبر پیغام امن کمیٹی پاکستان

پاکستان ایک اسلامی جمہوری ریاست کی حیثیت سے اپنے قیام کے اولین دن سے اس امر کے لیے کوشاں ہے کہ وہ دینِ اسلام کی حقیقی تعلیمات کی روشنی میں ایک عادلانہ اور پُرامن معاشرہ قائم کرے گی۔ اسلام وہ دین ہے جس نے انسان کو محض مذہبی شناخت سے نہیں بلکہ انسان ہونے کی بنیاد پر عزت و تکریم عطا کی۔ سیرتِ طیبہ ﷺ اس حقیقت کی روشن دلیل ہے کہ اسلامی ریاست میں غیر مسلم اقلیتیں جان، مال، آبرو، مذہبی آزادی اور معاشی حقوق سمیت تمام بنیادی انسانی حقوق کی مستحق ہیں۔

قرآنِ مجید نے واضح اعلان فرمایا کہ جو لوگ مسلمانوں سے برسرِ پیکار نہیں، ان کے ساتھ حسنِ سلوک اور عدل و انصاف کا برتاؤ کیا جائے (الممتحنہ 60: 8)، اور دین کے معاملے میں جبر و اکراہ کی نفی کر دی (البقرہ 2: 256)۔ اسی اصولی بنیاد پر حضور نبی اکرم ﷺ نے معاہدین اور اہلِ ذمہ کے حقوق کو اسلامی ریاست کی ذمہ داری قرار دیا اور ان پر ظلم کو اپنی ناراضی کا سبب بتایا۔ چنانچہ پاکستان کا مذہبی ہم آہنگی کے فروغ اور اقلیتوں کے تحفظ کا عزم اور کوششیں دراصل سنتِ نبوی ﷺ اور اسلامی تعلیمات کا عملی تقاضا ہے، جس کی بنیاد عدل، مساوات، رواداری اور باہمی احترام پر قائم ہے۔

اسلام میں اقلیتوں کے حقوق کی اہمیت

اسلامی معاشرے میں اقلیتوں کے حقوق کو کتنی زیادہ اہمیت دی گئی ہے اس کا اندازہ حضور نبی اکرم ﷺ کے اس فرمانِ مبارک سے ہوتا ہے:

خبردار! جس کسی نے کسی معاہد (اقلیتی فرد) پر ظلم کیا یا اس کا حق غصب کیا یا اُس کو اس کی استطاعت سے زیادہ تکلیف دی یا اس کی رضا کے بغیر اس سے کوئی چیز لی تو بروزِ قیامت میں اس کی طرف سے (مسلمان کے خلاف) جھگڑوں گا۔ (سنن ابی داؤد، حدیث: 3052)

یہ صرف ایک تنبیہ ہی نہیں بلکہ ایک قانون ہے جو حضور نبی اکرم ﷺ کے دورِ مبارک میں اسلامی مملکت میں جاری تھا، جس پر بعد میں بھی عمل درآمد ہوتا رہا اور اب بھی یہ اسلامی دستورِ مملکت کا ایک حصہ ہے۔ حدیث مبارکہ میں ہے:

ایک مسلمان نے ایک اہل کتاب کو قتل کر دیا اور وہ مقدمہ حضور نبی اکرم ﷺ کے پاس فیصلے کے لیے آیا تو آپ ﷺ نے فرمایا کہ میں اہل ذمہ کا حق ادا کرنے کا سب سے زیادہ ذمہ دار ہوں؛ چنانچہ آپ ﷺ نے قاتل کے بارے میں قتل کرنے کا حکم دیا اور اسے قتل کر دیا گیا۔ (سنن الکبری، 8/30)

اقلیتوں سے حسنِ سلوک

حضور نبی اکرم ﷺ اقلیتوں کے بارے میں مسلمانوں کو ہمیشہ تنبیہ فرمایا کرتے تھے، چنانچہ ایک دن آپ ﷺ نے اقلیتوں کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے فرمایا:

جس کسی نے کسی معاہد (اقلیتی فرد) کو قتل کیا وہ جنت کی خوشبو بھی نہیں پائے گا، حالانکہ جنت کی خوشبو چالیس برس کی مسافت تک پھیلی ہوئی ہے۔ (صحیح بخاری، حدیث: 2995)

یہ تنبیہات اس قانون پر عمل درآمد کروانے کے لیے ہیں جو اسلام نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے عطا کیا۔ حضور نبی اکرم ﷺ خود بیرونی علاقوں سے آنے والے غیر مسلم وفود کی میزبانی فرماتے۔ جب مدینہ منورہ میں آپ ﷺ کی خدمت میں حبشہ کے عیسائیوں کا ایک وفد آیا تو آپ ﷺ نے ان کو مسجد نبوی میں ٹھہرایا اور ان کی مہمان نوازی خود اپنے ذمہ لی اور فرمایا:

یہ لوگ ممتاز و منفرد حیثیت رکھتے ہیں، اس لیے میں نے پسند کیا کہ میں خود ان کی تعظیم و تکریم اور مہمان نوازی کروں۔ (شعب الايمان، رقم: 9125)

حضور نبی اکرم ﷺ کی ان تعلیمات کی روشنی میں چودہ سو سال گزرنے کے باوجود آپ ﷺ کے زمانے سے لے کر ہر اسلامی حکومت میں غیر مسلموں کو اپنے حقوق کا تحفظ حاصل رہا۔

اقلیتوں سے تعلق داری کا حق

غیر مسلموں کے ساتھ ربط و تعلق کے سلسلے میں اسلام نے دو بنیادی تصور دیے ہیں:

  1. پہلا بنیادی تصور: تمام انسان ایک ہی ماں باپ کی اولاد ہیں، جیسا کہ قرآن مجید میں ہے:
    اے لوگو! ہم نے تم سب کو ایک ہی مرد و عورت سے پیدا کیا ہے اور تم کو قبائل اور خاندانوں میں اس لیے تقسیم کیا ہے کہ تم ایک دوسرے کو پہچان سکو۔(الحجرات: 13)رسول اکرم ﷺ نے اپنے مختلف ارشادات میں اس بات کی وضاحت فرمائی ہے کہ تم سب کے سب آدم کی اولاد ہو اور آدم علیہ السلام کو مٹی سے تخلیق کیا گیا (مجمع الزوائد، حدیث: 13089)۔ آپ ﷺ نے خطبہ حجۃ الوداع کے موقع پر فرمایا: ’’یقیناً تمہارا خدا ایک ہے اور تمہارے باپ بھی ایک ہی ہیں‘‘(کنز العمال، حدیث: 5652)۔ تمام انسانوں کی ایک ماں باپ سے پیدائش کے تصور سے دوسرا تصور انسانی اُخوت کا پیدا ہوتا ہے کہ تمام انسان بھائی بھائی ہیں (ابو داؤد، حدیث: 1510)۔
  2. دوسرا بنیادی تصور: انسان بحیثیت انسان قابلِ احترام ہے، اور کائنات کی تمام پاکیزہ نعمتیں تمام انسانوں کے لیے ہیں:
    ہم نے بنی آدم کو باعزت بنایا ہے، ہم نے ان کو خشکی میں اور سمندر میں سوار کیا ہے اور انھیں پاکیزہ روزی عطا کی ہے۔(بنی اسرائیل: 70)گویا اسلام اور پیغمبر اسلام ﷺ کے نزدیک یہ بات تسلیم شدہ ہے کہ کوئی شخص مسلمان ہو یا غیر مسلم، وہ انسان ہونے کی حیثیت سے قابلِ احترام اور باعزت ہے۔

باہمی احترام و محبت کا حق

رسول اللہ ﷺ غیر مسلم حضرات کے ساتھ ہمیشہ باہمی احترام و اکرام کا معاملہ فرماتے تھے۔ آپ نے متعدد غیر مسلم بادشاہوں اور سرداروں کو خطوط لکھے اور انھیں اسی لقب سے مخاطب کیا، جس لقب سے ان کی رعایا ان کا ذکر کیا کرتی تھی؛ جیسے روم کے بادشاہ ہرقل کے لیے ‘عظیم الروم’، ایران کے بادشاہ کسریٰ کے لیے ‘عظیم الفارس’ اور حبش کے بادشاہ نجاشی کے لیے ‘عظیم الحبش’ کے الفاظ استعمال کیے (کنز العمال، حدیث: 11302)۔

آپ ﷺ نے نہ صرف زندگی میں بلکہ مرنے کے بعد بھی اس تکریم و احترام کو پیش نظر رکھا؛ چنانچہ حضرت سہل بن حنیف ؓ اور قیس بن سعد ؓ کے بارے میں روایت ہے کہ وہ دونوں قادسیہ میں بیٹھے ہوئے تھے، سامنے سے جنازہ گزرا تو یہ دونوں حضرات کھڑے ہو گئے۔ کہا گیا: یہ کسی مسلمان کا جنازہ نہیں ہے، غیر مسلم کا جنازہ ہے! تو ان حضرات نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ کے سامنے سے جنازہ گزرا تو آپ بھی کھڑے ہو گئے تھے، آپ سے عرض کیا گیا تھا کہ یہ تو ایک یہودی کا جنازہ ہے، تو آپ ﷺ نے فرمایا تھا: ’’کیا وہ انسان نہیں تھا؟‘‘(بخاری، حدیث: 1312)۔

غیر مسلم رشتہ داروں اور پڑوسیوں کا حق

  • رشتہ داروں کے ساتھ حسنِ سلوک: اسلام نے مسلمانوں کو اپنے غیر مسلم رشتہ داروں کے ساتھ حسنِ سلوک اور ہمدردی کرنے کی تاکید کی ہے۔ حضرت اسماء بنت ابوبکر رضی اللہ عنہا کی مشرکہ ماں جب تحائف لے کر آئیں تو آپ ﷺ نے حکم دیا کہ ’’اپنی ماں کے ساتھ صلہ رحمی کرو‘‘(صحیح مسلم، حدیث: 1003)۔ اسی طرح حضرت ابوبکر صدیق ؓ، حضرت ابوہریرہ ؓ اور حضرت سعد بن ابی وقاص ؓ کے غیر مسلم والدین کے ساتھ بہتر سلوک کی روایات موجود ہیں۔
  • پڑوسیوں کا حق: قرآن مجید میں رشتہ دار پڑوسی اور اجنبی پڑوسی دونوں کے ساتھ حسنِ سلوک کا حکم دیا گیا ہے (النساء: 36)، جس میں غیر مسلم پڑوسی بھی شامل ہیں۔

خوشی و غم میں شرکت اور دعوت کا حق

  • عیادت و تعزیت: اگر کوئی غیر مسلم بیمار پڑ جائے تو اس کی عیادت کی جانی چاہیے (جیسا کہ آپ ﷺ نے اپنے یہودی خادم کی عیادت فرمائی – صحیح بخاری، حدیث: 5657)۔ اسی طرح غیر مسلم کے گھر میں فوتگی یا کوئی حادثہ پیش آنے پر تعزیت اور انسانی ہمدردی کا اظہار کرنا سماجی تقاضا ہے۔
  • دعوت کا لین دین: غیر مسلم کے ساتھ جائز مقاصد کے لیے کھانا پینا مباح ہے اور وقتِ ضرورت اس کی دعوت قبول کی جا سکتی ہے (مسند احمد، حدیث: 13201)۔

معاشرتی، شخصی اور مذہبی آزادی کا حق

  • شخصی و خاندانی آزادی: ریاست کے اندر اقلیتیں اپنی قومی اور تہذیبی روایات کے مطابق رہ سکیں گی۔ ان کے شخصی معاملات (جیسے نکاح و طلاق) میں دخل اندازی نہیں کی جائے گی۔
  • جان و مال اور کاروباری تحفظ: اسلامی ریاست اقلیتوں کے جان، مال اور عبادت گاہوں کی محافظ ہے۔ ذمیوں کی دیت مسلمان کی دیت کی طرح ہے (مصنف عبدالرزاق، ج 10، ص 97، 98)۔ وہ ہر وہ جائز کاروبار کر سکتے ہیں جو مسلمان کرتے ہیں، سوائے ان چیزوں کے جو ریاست یا سوسائٹی کے لیے نقصان دہ ہوں (مثلاً سود)۔
  • عدل و انصاف: اسلامی نظامِ عدل میں مسلمان اور غیر مسلم کا کوئی امتیاز نہیں ہے۔ حضور ﷺ نے ایک یہودی کے قرض کے معاملے میں عدل کا عملی نمونہ پیش فرمایا (مسند احمد، حدیث: 15528)۔
  • مذہبی آزادی: اسلام کسی پر زبردستی اپنا مذہب نہیں تھوپتا۔ میثاقِ مدینہ ہو یا نجران کے عیسائیوں کا معاہدہ، ہمیشہ غیر مسلموں کو ان کی عبادت گاہوں اور مذہبی رسومات کی مکمل آزادی دی گئی ہے۔

خوارجانہ تشدد اور فتنہ پروری کا رد

آئینِ پاکستان اور اسلامی تعلیمات کی روشنی میں یہ امر بالکل واضح ہے کہ اقلیتوں کا تحفظ کوئی وقتی یا سیاسی تقاضا نہیں بلکہ ایک مستقل اور ابدی حکم ہے۔ سیرتِ رسول ﷺ، عہدِ نبوی کے معاہدات، اور خلفائے راشدین کے طرزِ حکمرانی اس بات کے شاہد ہیں کہ اسلامی ریاست میں غیر مسلم شہری مکمل قانونی و سماجی تحفظ کے حق دار ہیں۔

اگر ہم بحیثیتِ قوم سنتِ نبوی ﷺ کی حقیقی روح کو اپنائیں، عدل و انصاف کو اپنا شعار بنائیں اور ہر کسی کے حقوق کا خیال رکھیں، تو پاکستان ایک مثالی اسلامی فلاحی ریاست کے طور پر دنیا کے سامنے ایک روشن نمونہ پیش کر سکتا ہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *