حافظ طاہر محمود اشرفی

قومی پیغام امن کمیٹی کا اعلیٰ سطحی وفد شہداء کے لواحقین سے تعزیت کیلئے خیبرپختونخواہ اور بلوچستان کا دورہ کرئے گا، حافظ طاہر محمود اشرفی

قومی پیغامِ امن کمیٹی کے مرکزی کوآرڈینیٹر اور پاکستان علما کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان کو عالمی سطح پر دہشتگردی سے جوڑنے والے اب خود اسلام آباد کو امن کا مرکز قرار دے رہے ہیں۔ ملک بھر کی مساجد اور مدارس میں “معرکۂ حق” کے حوالے سے خصوصی پروگرام منعقد کیے گئے۔ مرکز ختم نبوت ہربنس پورہ لاہور میں علماء کی کثیر تعداد کے ہمراہ ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ “معرکۂ حق” کے بعد پاکستان کو عالمی سطح پر جو عزت، وقار اور اہمیت حاصل ہوئی ہے، اس کا اعتراف خود عالمی رہنما بھی کر رہے ہیں۔

ایران پر جارحیت اور امریکی صدر کے بیان پر مؤقف

ایران کے خلاف ہونے والی جارحیت پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے حافظ طاہر محمود اشرفی نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ اس حساس معاملے پر پاکستان کا مؤقف بالکل واضح ہے اور آیت اللہ علی خامنہ ای کی ذات یا ان کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت ناقابلِ قبول ہوگی۔ انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ امریکی صدر نے بھی گزشتہ رات یہ اعتراف کیا ہے کہ پاکستان کے کہنے پر جنگ روکی گئی، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ خطے میں امن اور استحکام کے لیے پاکستان کا کردار انتہائی کلیدی ہے۔

افغان سرزمین کے استعمال اور دہشتگردی پر تشویش

دہشتگردی کے حالیہ واقعات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حافظ طاہر محمود اشرفی نے قومی پیغامِ امن کمیٹی کی جانب سے شہداء کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ معروف مذہبی شخصیت مولانا ادریس کو نشانہ بنایا گیا ہے، جبکہ پاکستان کے خلاف افغان سرزمین سے سازشوں کا سلسلہ اب بھی مسلسل جاری ہے۔ بنوں میں ہونے والے دہشتگرد حملوں کے شہداء کے جنازوں میں وفاقی اور خیبر پختونخوا حکومت کے کسی نمائندے کے شریک نہ ہونے پر کڑے الفاظ میں افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم کو یہ واضح اعلان کرنا چاہیے کہ ملک کے کسی بھی حصے میں شہداء کے جنازوں میں سینئر حکومتی قیادت لازمی شرکت کرے گی۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سے پرزور اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبے میں روزانہ لاشیں آرہی ہیں، اس لیے اس سنگین صورتحال پر انتہائی سنجیدگی سے توجہ دی جائے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ قومی پیغامِ امن کمیٹی کا ایک اعلیٰ سطحی وفد جلد خیبر پختونخوا اور بلوچستان کا دورہ کرے گا۔

بھارت سے مذاکرات اور جموں و کشمیر کا مؤقف

بھارت کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے حافظ طاہر اشرفی نے دوٹوک مؤقف اپنایا کہ بھارت سے مذاکرات کے تمام راستے صرف اور صرف مسئلہ کشمیر سے ہو کر گزرتے ہیں، اور کشمیری عوام کی امنگوں کو نظر انداز کر کے کسی بھی بامعنی مذاکراتی عمل کی کامیابی کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔

سوشل میڈیا کے منفی رویے اور ریاست کی ذمہ داری

پریس کانفرنس کے اختتام پر حافظ طاہر محمود اشرفی نے سوشل میڈیا پر بڑھتے ہوئے غیر اخلاقی رویوں، گالی گلوچ اور بدتمیزی کے کلچر پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس زہریلے کلچر کو فروغ دینے والوں کو اب خود بھی اس کے بھیانک نتائج بھگتنا پڑ رہے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بحیثیتِ مجموعی ریاست کے اچھے اور فلاحی اقدامات کی بھرپور تحسین اور غلط فیصلوں پر تعمیری تنقید کا عمل جاری رہنا چاہیے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *