خودکش حملے بطور فساد فی الارض، خوارجانہ تشدد کے خلاف پاکستان کا متفقہ مذہبی رد عمل

ڈاکٹر میر محمد آصف اکبر قادری

ناظم اعلیٰ نظام المدارس پاکستان

ممبر قومی پیغام امن کمیٹی پاکستان

ترجمان متحدہ مدارس کونسل پاکستان

اسلام امن و سلامتی کا دین ہے اور دوسروں کو بھی امن وعافیت کے ساتھ رہنے کی تلقین کرتا ہے۔ اسلام کے دین امن و سلامتی ہونے کی سب سے بڑی دلیل یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے دین کے لیے نام ہی اسلام پسند کیا ہے۔ ارشادِ باری تعالیٰ ہے:

اِنَّ الدِّیۡنَ عِنۡدَ اللّٰہِ الۡاِسۡلَامُ۔

’’بیشک دین اللہ کے نزدیک اسلام ہی ہے۔‘‘

لفظ اسلام، سَلَمَ یا سَلِمَ سے ماخوذ ہے جس کے معنی امن و سلامتی اور خیر و عافیت کے ہیں۔ اسلام اپنے لغوی معنی کے اعتبار سے سراسر امن (Peace) ہے؛ گویا امن و سلامتی کا معنی لفظ اسلام کے اندر ہی موجود ہے۔ لہٰذا اپنے معنی کے اعتبار سے اسلام ایک ایسا دین ہے جو خود بھی سراپہ سلامتی ہے اور دوسروں کو بھی امن و سلامتی، محبت، رواداری، اعتدال، توازن اور صبر و تحمل کی تعلیم دیتا ہے۔

قرآن و حدیث میں اگر مسلم اور مومن کی تعریف تلاش کی جائے تو یہ حقیقت روز روشن کی طرح عیاں ہو جاتی ہے کہ اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول ﷺ کے نزدیک مسلمان صرف وہ شخص ہے جو تمام انسانیت کے لیے پیکر امن و سلامتی ہو، اور مومن بھی وہی شخص ہے جو امن و آشتی، تحمل و برداشت، بقائے باہمی اور احترام آدمیت جیسے اوصاف سے متصف ہو۔ یعنی اجتماعی سطح سے لے کر انفرادی سطح تک ہر کوئی اس سے محفوظ ہو۔

مومن کی حرمت کعبہ کی حرمت سے بھی زیادہ ہے

سیاسی، فکری یا اعتقادی اختلافات کی بنا پر مسلمانوں کی اکثریت کو کافر، مشرک اور بدعتی قرار دیتے ہوئے انہیں بے دردی سے قتل کرنے والوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے نزدیک مومن کے جسم و جان اور عزت و آبرو کی کیا اہمیت ہے۔ حضور نبی اکرم ﷺ نے ایک مومن کی حرمت کو کعبے کی حرمت سے زیادہ محترم قرار دیا ہے۔ ابن ماجہ سے مروی حدیث مبارکہ میں حضور علیہ الصلوۃ والتسلیم نے فرمایا:

عَنْ عَبْدِ اللهِ بْنِ عُمَرَ قَالَ : رَأَيْتُ رَسُولَ اللهِ صلی الله عليه وآله وسلم يَطُوفُ بِالْکَعْبَةِ، وَيَقُولُ : مَا أَطْيَبَکِ وَأَطْيَبَ رِيحَکِ، مَا أَعْظَمَکِ وَأَعْظَمَ حُرْمَتَکِ، وَالَّذِي نَفْسُ مُحَمَّدٍ بِيَدِهِ، لَحُرْمَةُ الْمُؤْمِنِ أَعْظَمُ عِنْدَ اللهِ حُرْمَةً مِنْکِ مَالِهِ وَدَمِهِ، وَأَنْ نَظُنَّ بِهِ إِلَّا خَيْرًا ۔

’’حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنھما سے مروی ہے کہ انہوں نے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو خانہ کعبہ کا طواف کرتے دیکھا اور یہ فرماتے سنا: (اے کعبہ!) تو کتنا عمدہ ہے اور تیری خوشبو کتنی پیاری ہے، تو کتنا عظیم المرتبت ہے اور تیری حرمت کتنی زیادہ ہے، قسم ہے اس ذات کی جس کے ہاتھ میں محمد کی جان ہے! مومن کے جان و مال کی حرمت اللہ کے نزدیک تیری حرمت سے زیادہ ہے اور ہمیں مومن کے بارے میں نیک گمان ہی رکھنا چاہئے۔‘‘

مسلمان کی طرف ہتھیار سے محض اشارہ کرنا بھی منع ہے

فولادی اور آتشیں اسلحہ سے لوگوں کو قتل کرنا تو بہت بڑا اقدام ہے، حضور نبی اکرم ﷺ نے اہلِ اِسلام کو اپنے مسلمان بھائی کی طرف اسلحہ سے محض اشارہ کرنے والے کو بھی ملعون و مردود قرار دیا ہے۔ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ حضور نبی اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا:

لَا يُشِيرُ أَحَدُکُمْ إِلَی أَخِيهِ بِالسِّلَاحِ، فَإِنَّهُ لَا يَدْرِي أَحَدُکُمْ لَعَلَّ الشَّيْطَانَ يَنْزِعُ فِي يَدِهِ، فَيَقَعُ فِي حُفْرَةٍ مِنَ النَّارِ۔

’’تم میں سے کوئی شخص اپنے بھائی کی طرف ہتھیار سے اشارہ نہ کرے، تم میں سے کوئی نہیں جانتا کہ شاید شیطان اس کے ہاتھ کو ڈگمگا دے اور وہ (قتلِ ناحق کے نتیجے میں) جہنم کے گڑھے میں جا گرے۔‘‘

مسلمانوں کے قتل اور فساد انگیزی کی ممانعت

اسلام نہ صرف مسلمانوں بلکہ بلا تفریقِ رنگ و نسل تمام انسانوں کے قتل کی سختی سے ممانعت کرتا ہے۔ اسلام میں کسی انسانی جان کی قدر و قیمت اور حرمت کا اندازہ یہاں سے لگایا جا سکتا ہے کہ اس نے بغیر کسی وجہ کے ایک فرد کے قتل کو پوری انسانیت کے قتل کے مترادف قرار دیا ہے۔ اللہ عزوجل نے تکریم انسانیت کے حوالے سے قرآن حکیم میں ارشاد فرمایا:

مَنْ قَتَلَ نَفْسًام بِغَيْرِ نَفْسٍ اَوْ فَسَادٍ فِی الْاَرْضِ فَکَاَنَّمَا قَتَلَ النَّاسَ جَمِيْعًا۔

’’جس نے کسی شخص کو بغیر قصاص کے یا زمین میں فساد (پھیلانے کی سزا) کے (بغیر، ناحق) قتل کر دیا تو گویا اس نے (معاشرے کے) تمام لوگوں کو قتل کر ڈالا۔‘‘

اس آیت مبارکہ میں انسانی جان کی حرمت کا مطلقاً ذکر کیا گیا ہے جس میں عورت یا مرد، چھوٹے بڑے، امیر و غریب حتی کہ مسلم اور غیر مسلم کسی کی تخصیص نہیں کی گئی۔ مدعا یہ ہے کہ قرآن نے کسی بھی انسان کو بلاوجہ قتل کرنے کی نہ صرف سخت ممانعت فرمائی ہے بلکہ اسے پوری انسانیت کا قتل ٹھہرایا ہے۔

دہشت گردوں کی معاونت بھی جرم ہے

دہشت گردوں اور قاتلوں کو معاشرے میں سے افرادی، مالی اور اخلاقی قوت کے حصول سے محروم کرنے اور انہیں آئسولیٹ کرنے کے لیے حضور نبی اکرم ﷺ نے ان کی ہر قسم کی مدد و اعانت سے کلیتاً منع فرمایا ہے۔ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ حضور نبی اکرم ﷺ نے فرمایا:

مَنْ أَعَانَ عَلَی قَتْلِ مُؤْمِنٍ بِشَطْرِ کَلِمَةٍ، لَقِيَ ﷲَ عزوجل مَکْتُوْبٌ بَيْنَ عَيْنَيْهِ : آيِسٌ مِنْ رَحْمَةِ اللهِ۔

’’جس شخص نے چند کلمات کے ذریعہ بھی کسی مومن کے قتل میں کسی کی مدد کی تو وہ اللہ عزوجل سے اس حال میں ملے گا کہ اس کی آنکھوں کے درمیان پیشانی پر لکھا ہوگا: آيِسٌ مِنْ رَحْمَةِ اللهِ (اللہ تعالیٰ کی رحمت سے مایوس شخص)۔‘‘

مساجد پر حملے کرنے والے سب سے بڑے ظالم ہیں

اسلام اپنے ماننے والوں کو نہ صرف اَمن و آشتی، تحمل و برداشت اور بقائے باہمی کی تعلیم دیتا ہے بلکہ ایک دوسرے کے عقائد و نظریات اور مکتب و مشرب کا احترام بھی سکھاتا ہے۔ اعتقادی، فکری یا سیاسی اختلافات کی بنیاد پر مخالفین کی جان و مال یا مقدس مقامات پر حملے کرنا نہ صرف غیر اسلامی بلکہ غیر انسانی فعل بھی ہے۔ خود کش حملوں اور بم دھماکوں کے ذریعے اللہ کے گھروں کا تقدس پامال کرنے والے اور وہاں لوگوں کی قیمتی جانیں تلف کرنے والے ہرگز نہ تو مومن ہو سکتے ہیں اور نہ ہی ہدایت یافتہ۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے:

وَمَنْ اَظْلَمُ مِمَّنْ مَّنَعَ مَسٰجِدَ اللهِ اَنْ يُذْکَرَ فِيْهَا اسْمُه وَسَعٰی فِيْ خَرَابِهَاط اُولٰئِکَ مَا کَانَ لَهُمْ اَنْ يَدْخُلُوْهَآ اِلَّا خَآئِفِيْنَط لَهُمْ فِی الدُّنْيَا خِزْیٌ وَّلَهُمْ فِی الْاٰخِرَةِ عَذَابٌ عَظِيْمٌ۔

’’اور اس شخص سے بڑھ کر کون ظالم ہو گا جو اللہ کی مسجدوں میں اس کے نام کا ذکر کیے جانے سے روک دے اور انہیں ویران کرنے کی کوشش کرے، انہیں ایسا کرنا مناسب نہ تھا کہ مسجدوں میں داخل ہوتے مگر ڈرتے ہوئے، ان کے لیے دنیا میں (بھی) ذلّت ہے اور ان کے لیے آخرت میں (بھی) بڑا عذاب ہے۔‘‘

ایک مومن کا قتل پوری دنیا کی تباہی سے بڑا گناہ ہے

اپنے گھناؤنے اور ناپاک مقاصد کے حصول کے لیے عام شہریوں اور پُراَمن انسانوں کو بے دریغ قتل کرنے والے کیسے دینِ امن و سلامتی کے علم بردار بنتے ہیں؟ وہ اپنی دہشت گردانہ کارروائیوں کے ذریعے ہزاروں مسلمانوں کی قتل و غارت گری میں مصروف ہیں جبکہ حضور نبی اکرم ﷺ نے تو ایک مومن کے قتل کو بھی پوری دنیا کے تباہ ہونے سے بڑا گناہ قرار دیا ہے۔ ارشاد فرمایا:

لَزَوَالُ الدُّنْيَا أَهْوَنُ عَلَی اللهِ مِنْ قَتْلِ رَجُلٍ مُسْلِمٍ۔

’’اللہ تعالیٰ کے نزدیک ایک مسلمان شخص کے قتل سے پوری دنیا کا ناپید (اور تباہ) ہو جانا ہلکا (واقعہ) ہے۔‘‘

امام ماتریدی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:

’’جس نے کسی ایسی جان کا قتل حلال جانا جس کا ناحق قتل کرنا اللہ تعالیٰ نے حرام کر رکھا ہے، تو گویا اس نے تمام لوگوں کے قتل کو حلال جانا، کیونکہ جو شخص کتاب اللہ کی ایک آیت کا انکار کرتا ہے وہ پوری کتاب کا انکار کرنے والا ہے۔‘‘

مسلمانوں کا قتلِ عام کفریہ فعل ہے

حضور نبی اکرم ﷺ نے مسلمانوں کا خون بہانے، اُنہیں قتل کرنے اور فتنہ و فساد برپا کرنے کو کفر سے تعبیر فرمایا ہے۔ امام بخاری حضرت عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کرتے ہیں کہ حضور نبی اکرم ﷺ نے فرمایا:

لَا تَرْتَدُّوْا بَعْدِي کُفَّارًا يَضْرِبُ بَعْضُکُمْ رِقَابَ بَعْضٍ۔

’’تم میرے بعد ایک دوسرے کو قتل کرنے کے سبب کفر کی طرف نہ لوٹ جانا۔‘‘

قیامت کے روز سب سے پہلے جس مقدمے کا فیصلہ ہوگا وہ خونریز و ناحق قتل کا ہوگا۔ حضرت عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آپ ﷺ نے فرمایا:

أَوَّلُ مَا يُقْضَی بَيْنَ النَّاسِ يَوْمَ الْقِيَامَةِ فِي الدِّمَاءِ۔

’’قیامت کے دن لوگوں کے درمیان سب سے پہلے خون ریزی کا فیصلہ سنایا جائے گا۔‘‘

مسلمانوں کو جلانے والے جہنمی ہیں

سورۃ البروج کی آیت نمبر 10 میں ارشاد ہے:

اِنَّ الَّذِيْنَ فَتَنُوا الْمُؤْمِنِيْنَ وَالْمُؤْمِنٰتِ ثُمَّ لَمْ يَتُوْبُوْا فَلَهُمْ عَذَابُ جَهَنَّمَ وَلَهُمْ عَذَابُ الْحَرِيْقِ۔

’’بیشک جن لوگوں نے مومن مردوں اور مومن عورتوں کو اذیت دی پھر توبہ (بھی) نہ کی تو ان کے لئے عذابِ جہنم ہے اور ان کے لئے (بالخصوص) آگ میں جلنے کا عذاب ہے۔‘‘

تفسیر کبیر میں امام رازی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ حضرت ابن عباس اور مقاتل نے فرمایا: ﴿فَتَنُوا الْمُؤْمِنِيْنَ﴾ کا مطلب ہے: ’’(ان فتنہ پروروں نے) انہیں آگ سے جلا ڈالا۔‘‘ خود کش حملوں اور بم دھماکوں کے ذریعے عامۃ الناس کو خاکستر کرنے والے اس وعید کے مصداق ہیں۔

خودکشی فعلِ حرام اور دہرے عذاب کی مستحق ہے

اسلام کسی انسان کو خود اپنی جان تلف کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دیتا۔ ارشادِ باری تعالیٰ ہے:

وَلَا تُلْقُوْا بِاَيْدِيْکُمْ اِلَی التَّهْلُکَةِج وَاَحْسِنُوْاج اِنَّ ﷲَ يُحِبُّ الْمُحْسِنِيْنَ۔

’’اور اپنے ہی ہاتھوں خود کو ہلاکت میں نہ ڈالو، اور صاحبانِ احسان بنو، بے شک اللہ احسان والوں سے محبت فرماتا ہے۔‘‘

اور ایک مقام پر فرمایا:

وَلَا تَقْتُلُوْا اَنْفُسَکُمْط اِنَّ ﷲَ کَانَ بِکُمْ رَحِيْمًا۔ وَمَنْ يَفْعَلْ ذٰلِکَ عُدْوَانًا وَّظُلْمًا فَسَوْفَ نُصْلِيْهِ نَارًا ط

’’اور اپنی جانوں کو مت ہلاک کرو، بے شک اللہ تم پر مہربان ہے۔ اور جو کوئی تعدِّی اور ظلم سے ایسا کرے گا تو ہم عنقریب اسے (دوزخ کی) آگ میں ڈال دیں گے۔‘‘

حضور نبی اکرم ﷺ نے خودکشی کے مرتکب کے بارے میں سخت وعید سنائی ہے کہ جو جس طریقے سے خود کو ہلاک کرے گا، جہنم میں ہمیشہ اسی عذاب میں مبتلا رہے گا۔ یہی وجہ ہے کہ آپ ﷺ نے خودکشی کرنے والے کی نمازِ جنازہ بھی نہیں پڑھائی۔

خوارجانہ تشدد کے خلاف پاکستان کا متفقہ مذہبی رد عمل

پاکستان میں دہشت گردی اور خوارجانہ تشدد کے خلاف تمام مکاتب فکر کے جید علمائے کرام اور مفتیانِ عظام کا متفقہ مؤقف تاریخ کا روشن باب ہے۔ “پیغام پاکستان” کی صورت میں قرآن و سنت کی تعلیمات پر مبنی متفقہ دستاویز موجود ہے جس پر 15 ہزار سے زائد علمائے کرام کے دستخط ثبت ہیں۔ اس کے علاوہ ملک کی تمام دینی جامعات کے دار الافتاء سے فتاویٰ جاری ہو چکے ہیں، جن میں:

  1. منہاج القرآن ماڈل ٹاؤن لاہور میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے “دشت گردی فتنہ الخوارج” کے نام سے 600 صفحات پر مشتمل مبسوط علمی و تحقیقی فتویٰ جاری کیا۔
  2. دارالعلوم جامعہ نعیمیہ لاہور سے شہیدِ پاکستان ڈاکٹر محمد سرفراز نعیمی رحمۃ اللہ علیہ نے 2010ء میں تمام علماء کی موجودگی میں فتنہ الخوارج کے خلاف متفقہ فتویٰ جاری کیا جس کی پاداش میں انہوں نے جام شہادت نوش کیا۔
  3. دارالعلوم کراچی سے مفتی محمد تقی عثمانی، جامعۃ الرشید کراچی سے مفتی عبدالرحیم سمیت تمام دینی و مذہبی جماعتوں، مدارس کے ناظمین، خانقاہوں کے سجادہ نشینوں اور مشائخ عظام نے اس فتنے کی بھرپور مذمت کی اور آج تک ملک کے تمام دینی حلقے اس کے خلاف برسرِ پیکار ہیں۔

ملکی سلامتی کے دو محاذ: زمینی اور فکری

پاکستان اس وقت ففتھ جنریشن وار (Fifth Generation War) کا شکار ہے جہاں دشمن عناصر داخلی سطح پر مذہبی انتہا پسندی، لسانی فسادات اور علاقائی علیحدگی کی تحریکوں کے ذریعے ملک کو کمزور کرنا چاہتے ہیں۔ قومی سلامتی کی یہ جنگ دو محاذوں پر لڑی جا رہی ہے:

  • زمینی محاذ: افواج پاکستان اور ریاستی اداروں نے ضرب العضب، رد الفساد اور عزمِ استحکام جیسے آپریشنز کے ذریعے دہشت گردی کی کمر توڑ دی ہے۔
  • نظریاتی و فکری محاذ: قومی پیغام امن کمیٹی پاکستان نے فکری اور شعوری محاذ پر مکالمہ سازی، برداشت، مسلکی رواداری اور ہم آہنگی کے فروغ کے لیے گراں قدر خدمات انجام دی ہیں، جس سے معاشرے میں انتہا پسندی اور نفرتوں میں کمی واقع ہوئی ہے۔

مصادر و مراجع

  1. القرآن الکریم
  2. مسند احمد بن حنبل
  3. سلسلۃ الاحادیث الصحیحۃ، امام محمد ناصر الدین البانی
  4. صحیح البخاری، امام ابو عبد اللہ محمد بن اسماعیل بخاری
  5. السنن الكبرى، امام بیہقی
  6. سنن الترمذي، امام ابو عیسیٰ محمد بن عیسیٰ ترمذی
  7. صحیح ابن حبان
  8. تأويلات أهل السنة، امام ابو منصور ماتریدی
  9. سنن ابن ماجہ، امام ابن ماجہ قزوینی
  10. صحیح مسلم، امام مسلم بن الحجاج نیشاپوری
  11. مفاتیح الغیب (التفسیر الکبیر)، امام فخر الدین رازی
  12. الترغيب والترهيب، حافظ منذری
  13. سنن أبي داود، امام ابو داود سجستانی

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *